747 افراد شدید زخمی ، موٹر سائیکلیں 81 فیصد واقعات کا سبب بنیں لاہور 265 حادثات کیساتھ پہلے نمبر پر رہا
لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1,374 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا، جن میں 747 افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ضلعی اور تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 856 معمولی زخمیوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کی، جس سے ہسپتالوں پر بوجھ کم کرنے میں بھی مدد ملی۔ اعدادوشمار کے مطابق ان حادثات میں 81 فیصد واقعات موٹر سائیکلوں سے متعلق تھے۔ ریسکیو حکام نے زور دیا کہ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل اور سڑکوں پر لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق حادثات میں 926 ڈرائیور، 75 کم عمر ڈرائیور، 535 مسافر اور 168 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ لاہور کنٹرول روم میں ٹریفک حادثات سے متعلق 265 کالز موصول ہوئیں، جبکہ 353 متاثرین کے ساتھ لاہور پہلے، 71 حادثات اور 78 متاثرین کے ساتھ ملتان دوسرے اور 56 حادثات اور 61 متاثرین کے ساتھ گوجرانوالہ تیسرے نمبر پر رہا۔ مجموعی طور پر 1,629 متاثرین میں 1,298 مرد اور 331 خواتین شامل تھیں۔ زخمیوں میں 357 افراد کی عمر 18 سال سے کم، 833 کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان، جبکہ 439 افراد کی عمر 40 سال سے زائد تھی۔ حادثات میں 1,486 موٹر سائیکلیں، 88 آٹو رکشے، 119 کاریں، 33 وین، نو مسافر بسیں، 3,747 ٹرک اور 72 دیگر اقسام کی گاڑیاں شامل ہونے کی اطلاع دی گئی۔