24 گھنٹے: 1374 ٹریفک حادثات، 783 افراد شدید زخمی

 لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1374 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا، جن میں 783 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر قریبی ضلعی و تحصیل اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ 848 معمولی زخمی افراد کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کی، جس کے باعث اسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ ان حادثات میں زیادہ تر تعداد، یعنی 80 فیصد، موٹر سائیکل حادثات کی ہے، اس لیے ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھا جائے۔ ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 919 ڈرائیورز، 71 کم عمر ڈرائیورز، 575 مسافر اور 152 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 258 ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں، جس میں صوبائی دارالحکومت 312 متاثرین کے ساتھ پہلے، ملتان 95 حادثات میں 112 متاثرین کے ساتھ دوسرے اور فیصل آباد 94 حادثات میں 112 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل 1646 متاثرین میں 1307 مرد اور 339 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں میں 325 افراد کی اوسط عمر 18 سال سے کم، 857 افراد کی اوسط عمر 18 سے 40 سال کے درمیان جبکہ 464 زخمی افراد کی اوسط عمر 40 سال سے زائد ہے۔ ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 1548 موٹر سائیکلیں، 96 آٹو رکشے، 124 کاریں، 29 وین، 11 مسافر بسیں، 38 ٹرک اور 75 دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔