پری سموگ کریک ڈائون، 554 کمرشل کچن سیل

 گوجرانوالہ میں سب سے زیادہ 500 کمرشل کوکنگ پوائنٹس کی نشاندہی ہوئی
 لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک )سموگ سیزن سے قبل پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے) نے ریسٹورنٹس، میرج ہالز اور دیگر کمرشل فوڈ پوائنٹس سے اٹھنے والے دھویں اور کچن کے اخراج کو کنٹرول کرنے کے لیے کریک ڈائون تیز کردیا، جس کے دوران 554 کمرشل کچن سیل جبکہ صوبے بھر میں 1,875 کمرشل کوکنگ پوائنٹس کی نشاندہی کرلی گئی۔ ای پی اے کے مطابق اب تک 1,363 کمرشل کوکنگ پوائنٹس کا معائنہ کیا جاچکا ہے، جبکہ ریسٹورنٹس، میرج ہالز اور دیگر فوڈ بزنسز کو کچن کے دھویں، فومز اور دیگر اخراج کو براہ راست فضا میں خارج ہونے سے روکنے کے لیے مئوثر سکشن ہڈ سسٹم نصب اور فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ای پی اے کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہ نئیر شیخ نے فیلڈ افسران کو کمرشل کچن کی انسپکشن مزید تیز کرنے اور ماحولیاتی تقاضوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے کمرشل اداروں کو قواعد نظرانداز کرکے کام جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سیکریٹری ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی سلوت سعید نے بھی اسموگ سے قبل آلودگی کے ذرائع پر قابو پانے کے لیے کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق گوجرانوالہ میں سب سے زیادہ 500، راولپنڈی میں 250، فیصل آباد میں 135، ملتان میں 120، ٹیکسلا راولپنڈی میں 70، شیخوپورہ میں 66، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 62، ننکانہ صاحب میں 53، چکوال میں 48، پاکپتن میں 47، قصور میں 45 اور جھنگ میں 42 کمرشل کوکنگ پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ای پی اے کے ترجمان ساجد بشیر نے کہا کہ کمرشل کچن سے دھویں اور دیگر اخراج کو بغیر کسی کنٹرول کے فضا میں خارج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، سکشن ہڈ مہم پری سموگ اقدامات کا اہم حصہ ہے اور فیلڈ ٹیمیں ریسٹورنٹس، میرج ہالز اور دیگر کمرشل فوڈ پوائنٹس کی مسلسل چیکنگ کررہی ہیں، جبکہ ماحولیاتی تقاضوں کی خلاف ورزی پر کارروائی جاری رہے گی۔