ڈی پی او ہری پور دفتر میں شہری کے بال بنوانے کی ویڈیو وائرل

آئی جی خیبر پختونخوا نے نوٹس لے کر آر پی او ہزارہ کو انکوائری سونپ دی
ہری پور( خصوصی رپورٹ ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او) ہری پور کے دفتر میں شہری کے بال بنوانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ہزارہ کو مکمل انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ پولیس حکام کے مطابق ویڈیو میں ایک شخص کو ڈی پی او آفس میں بال بنواتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جس کی شناخت یوٹیوبر کے طور پر کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یوٹیوبر نے ریکارڈنگ سے قبل ڈی پی او ہری پور سے اپنے بال سیٹ کروانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، جس پر اس کی درخواست پر حجام ڈی پی او آفس پہنچا اور بال بنانا شروع کردیے۔ پولیس کے مطابق ویڈیو ریکارڈ ہونے کے وقت ڈی پی او ہری پور دفتر میں موجود نہیں تھے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد آئی جی خیبر پختونخوا نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ہزارہ کو واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔