ہری پور:تربیلا ڈیم میں مسافروں سے بھری کشتی دلدل میں پھنس گئی

کشتی میں 80مسافرموجود،بچے اورخواتین بھی شامل،20 مسافروں کو نکال لیا گیا
ہری پور(مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختوںخوا کے علاقے ہری پور میں تربیلا ڈیم میں مسافروں سے بھری کشتی دلدل میں پھنس گئی،20 مسافروں کو نکال لیا گیا۔رپورٹ کے مطابق بیٹ گلی سے ہری پور آنے والی کشتی تربیلا ڈیم چاندنی چوک کے مقام پر دلدل میں پھنسی، کشتی میں 80 کے قریب مسافر موجود ہیں جس میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد ہے۔دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر حمزہ عباس کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نے دلدل میں پھنسی کشتی سے مسافروں کو ریسکیو کرنا شروع کردیا، دلدل میں پھنسی کشتی سے 20 سے زائد مسافر ریسکیو کر لیے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ کشتیوں سے باقی مسافروں کو بھی جلد ریسکیو کر لیا جائے گا، کشتی پانی کی کمی کے باعث تربیلہ جھیل میں چاندنی چوک کے مقام پر پھنسی۔