جدید ٹیکنالوجی سے2وملزم نارووال سے گرفتار، 30 لاکھ نقدی برآمدکرلی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر) لٹن روڈ کے علاقے میں گھر سے 45 لاکھ روپے مالیت کے سونے کی چوری کا معمہ حل ہوگیا، گھر میں رہنے کے لیے آنے والا متاثرہ خاتون کا خالہ زاد بھائی ہی واردات میں ملوث نکلا۔ لٹن روڈ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور موبائل نمبر ٹریسنگ کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث دو ملزمان اسامہ اور سلمان کو نارووال سے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق خاتون کے گھر سے دو ماہ قبل الماری سے 45 لاکھ روپے مالیت کا سونا چوری ہوا تھا۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ خاتون کا خالہ زاد بھائی اسامہ اپنے دوست سلمان کے ساتھ مل کر چوری میں ملوث تھا اور دونوں نے چوری شدہ سونا فروخت کردیا تھا۔ پولیس نے ملزمان سے 30 لاکھ روپے سے زائد نقدی برآمد کرلی، جو متاثرہ خاتون کے حوالے کردی گئی۔ ایس پی سول لائنز منزہ کرامت نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان تک رسائی ممکن بنائی گئی، شہریوں کو انصاف کی فراہمی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔