خاتون کے قتل کا معمہ حل، خالہ زاد بھائی ہی قاتل نکلا

لاہور(کرائم رپورٹر)شفیق آباد کے علاقہ میں دوران ڈکیتی 32 سالہ خاتون کے قتل کا معمہ حل، خالہ زاد بھائی ہی قاتل نکلا ،تفتیشی پولیس نے ملزم کو ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کر لیا ۔قتل کا نوٹس لیکر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا نے ایس پی انویسٹی گیشن سٹی فرحت عباس کی سربراہی میں ملزم کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیم تشکیل دی ۔گزشتہ روز انچارج انویسٹی گیشن تھانہ شفیق آباد شاہزیب کمبوہ نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم چند روز قبل 32 سالہ نمرہ کو چھری کے وار سے قتل کر کے گھر سے 10لاکھ بھی لے گیا تھا۔ وقوعہ کے وقت مقتولہ 2سالہ بیٹے کے ساتھ گھر اکیلی تھی اسکا خاوند والدہ کو چیک کروانے ہسپتال گیا ہوا تھا۔ملزم کو دوران ڈکیتی مزاحمت پر مقتولہ نے پہچان لیا تھاجس پر وہ قتل کر کے فرار ہو گیا تھا۔ملزم سے لوٹی نقدی برآمد کر لی گئی ۔