لاہور(کرائم رپورٹر) بادامی باغ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متحرک تین رکنی رکشہ و موٹر سائیکل چور گینگ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں علی رضا، تنویر اور نوید شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے تین چوری شدہ موٹر سائیکلیں، ایک چنگ چی رکشہ، نقدی، 10 موبائل فون، غیر قانونی اسلحہ اور ماسٹر چابیاں برآمد کرلی گئیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان موٹر سائیکلیں چوری کرنے کے لیے ماسٹر چابیوں کا استعمال کرتے تھے جبکہ پولیس سے بچنے کے لیے چوری شدہ موٹر سائیکل چنگ چی رکشے کے پیچھے باندھ کر فرار ہوجاتے تھے۔ ریکارڈ یافتہ ملزمان نے لاہور کے مختلف علاقوں میں 20 سے زائد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کے مطابق ایس ایچ او بادامی باغ افتخار عالم نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا، جن کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس پی سٹی نے گینگ کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کو شاباش دی۔