پنجاب کے طلبہ کے لیے خوشخبری، ای بائیکس اسکیم کا پورٹل بحال

پنجاب کے طلبہ کے لیے خوشخبری، ای بائیکس اسکیم کا پورٹل بحال

پنجاب کے طلبہ کے لیے خوشخبری ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب ای بائیکس اسکیم کا آن لائن پورٹل دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے، جس کے بعد اہل طلبہ اب اس اسکیم کے لیے آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔

اسکیم کا بنیادی مقصد طلبہ کو آسان، کم خرچ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔اسکیم کے تحت اہل طلبہ، جن میں لڑکے اور لڑکیاں دونوں شامل ہیں، کو الیکٹرک بائیکس کی خریداری کے لیے بلاسود فنانسنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ حکومت کی جانب سے بائیکس پر سبسڈی بھی دی جائے گی، جبکہ طلبہ رقم آسان ماہانہ اقساط میں ادا کرسکیں گے۔اس کے علاوہ اسکیم میں طلبہ کو مفت ہیلمٹ اور حفاظتی سامان بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ موٹر سائیکل کے استعمال کے دوران ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔

الیکٹرک بائیک کی خصوصیات
اسکیم کے تحت طلبہ کو جدید الیکٹرک بائیک فراہم کی جائے گی، جس میں 72 وولٹ اور 30 ایمپیئر آور کی بیٹری نصب ہوگی۔ بائیک کی زیادہ سے زیادہ رفتار 50 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ موٹر کی طاقت 1000 واٹ ہوگی۔

کون سے طلبہ درخواست دے سکتے ہیں؟
وزیراعلیٰ پنجاب ای بائیکس اسکیم سے پنجاب کے اہل سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ استفادہ کرسکیں گے۔ درخواست دینے کے لیے امیدوار کی کم از کم عمر 16 سال مقرر کی گئی ہے۔درخواست گزار کے پاس درست ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ ہونا ضروری ہوگا، جبکہ درست شناختی کارڈ (CNIC) بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ضامن کے حوالے سے شرط
اسکیم کے تحت طلبہ کے والدین یا قانونی سرپرست بطور ضامن مقرر ہوسکتے ہیں۔ درخواست گزار کی جانب سے فراہم کیا جانے والا موبائل نمبر ضامن کے نام پر رجسٹرڈ ہونا ضروری ہوگا۔

درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ
طلبہ وزیراعلیٰ پنجاب ای بائیکس اسکیم کے لیے 4 اکتوبر 2026 تک آن لائن درخواست جمع کراسکیں گے۔درخواست دینے کے لیے سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کیا جاسکتا ہے:

وزیراعلیٰ پنجاب ای بائیکس اسکیم کا سرکاری پورٹل

طلبہ کو درخواست جمع کرانے سے قبل اپنی اہلیت، شناختی دستاویزات، ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ اور ضامن سے متعلق تمام شرائط مکمل طور پر چیک کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔