خیبرپختونخوا حکومت نے نابینا اور بصارت سے محروم طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت درخواستیں جمع کروانے کا باضابطہ طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔
اس اسکیم کا مقصد خصوصی طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنا اور انہیں ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنا ہے۔محکمہ سماجی بہبود کے مطابق اس اسکیم کے لیے وہ تمام طلبہ اہل ہوں گے جو کسی تسلیم شدہ کالج، یونیورسٹی یا دینی مدرسے میں زیرِ تعلیم ہوں۔ درخواست گزار کا خیبرپختونخوا کا مستقل رہائشی ہونا ضروری ہے اور اس کے پاس محکمہ کی جانب سے جاری کردہ معذوری سرٹیفکیٹ موجود ہونا چاہیے۔درخواستیں محکمہ سماجی بہبود کے آن لائن ایم آئی ایس فارم کے ذریعے جمع کروائی جائیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ آن لائن درخواست کا عمل نہایت آسان بنایا گیا ہے تاکہ خصوصی طلبہ کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
لیپ ٹاپ کی تقسیم میرٹ اور دستیاب فنڈز کی بنیاد پر کی جائے گی، اور تعلیم یافتہ و ہنرمند طلبہ کو ترجیح دی جائے گی۔اہل طلبہ اپنی درخواستیں محکمہ سماجی بہبود خیبرپختونخوا کی سرکاری ویب سائٹ www.swkpk.gov.pk پر جا کر جمع کرا سکتے ہیں۔ انتظامیہ نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر درست معلومات کے ساتھ درخواست جمع کروائیں تاکہ اسکیم سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔