وفاقی حکومت کی جانب سے آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس، رکشوں اور لوڈرز کی فراہمی کی اسکیم پر باقاعدہ عملدرآمد کا آغاز ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی الیکٹرک وہیکل ایڈاپشن اسکیم کے تحت الیکٹرک بائیکس، رکشوں اور لوڈرز کے لیے سبسڈی کی ادائیگی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔اس اسکیم کے تحت رواں مالی سال کے دوران تقریباً 9 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی، جبکہ حکومت سال 2030 تک 100 ارب روپے سے زائد سبسڈی دینے کا ہدف رکھتی ہے۔پہلے مرحلے میں منظور شدہ درخواست گزاروں کو سبسڈی منتقل کر دی گئی ہے۔ فیز ون میں 41 ہزار الیکٹرک گاڑیوں پر سبسڈی دی جا رہی ہے، جن میں 40 ہزار الیکٹرک بائیکس اور ایک ہزار الیکٹرک رکشے اور لوڈرز شامل ہیں۔
سبسڈی کی رقم براہِ راست اسٹیٹ بینک کے ذریعے متعلقہ بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جا رہی ہے۔ الیکٹرک بائیکس پر 80 ہزار روپے تک سبسڈی دی جا رہی ہے، جبکہ اسکیم کے تحت بینک لیزنگ کے ذریعے الیکٹرک بائیکس اور رکشے آسان اقساط میں فراہم کیے جا رہے ہیں۔حکام کے مطابق دوسرے مرحلے میں مزید 78 ہزار سے زائد الیکٹرک وہیکلز پر سبسڈی دینے کا منصوبہ ہے، تاہم صرف رجسٹرڈ الیکٹرک گاڑیاں ہی سبسڈی کی اہل ہوں گی۔حکام کا کہنا ہے کہ اس اسکیم کا مقصد سستی، ماحول دوست سواری کو فروغ دینا اور ایندھن پر انحصار کم کرنا ہے۔