قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کینیڈا سپر 60 کے فائنل کے دوران پہلی مرتبہ پنجابی زبان میں کمنٹری کرکے شائقین کو حیران کردیا۔
وینکوور میں کھیلے گئے فائنل کے موقع پر وسیم اکرم نے پریزینٹر اور کمنٹیٹر پرویز سندھو کے ہمراہ کمنٹری باکس میں ذمہ داریاں انجام دیں۔اس دوران وسیم اکرم نے پنجابی زبان میں کمنٹری کرتے ہوئے میچ کے دلچسپ لمحات کو منفرد اور دل چسپ انداز میں بیان کیا، جسے شائقین کی جانب سے پسند کیا گیا۔وسیم اکرم کی پنجابی کمنٹری کی ویڈیوز اور کلپس سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بن گئے، جہاں صارفین نے ان کے نئے انداز کو سراہا۔کرکٹ کے میدان میں اپنی باؤلنگ اور کمنٹری کے لیے مشہور وسیم اکرم نے اس موقع پر زبان اور اندازِ بیان پر اپنی گرفت کا بھی مظاہرہ کیا۔