پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ سابق کپتان وسیم اکرم کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ رواں سال ملتان سلطانز کو پی سی بی خود آپریٹ کرے گا، جبکہ فرنچائز کے ہیڈ کے نام کا اعلان آئندہ 8 سے 10 دن میں کیا جائے گا۔ پی ایس ایل کے اختتام کے بعد ملتان سلطانز کی نیلامی کی جائے گی تاکہ فرنچائز کے مستقبل سے متعلق معاملات حتمی شکل اختیار کر سکیں۔پی ایس ایل میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے لیے 10 پارٹیوں نے بڈنگ کے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے، اور 8 جنوری کو دو نئی ٹیموں کو فروخت کیا جائے گا۔ سابق کھلاڑی علی ترین بھی نئی ٹیم خریدنے کے اہل ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ لیگ کو 26 مارچ کی بجائے 23 مارچ سے شروع کرنے کی تجویز ہے، بشرطیکہ تمام فرنچائزز اس پر متفق ہوں۔ کھلاڑیوں کے میڈیکل معاملات کے لیے بیرون ملک سے ڈاکٹرز بلائے گئے ہیں، جبکہ انڈر 19 کرکٹرز اور شاہینز ٹیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کو وظائف بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ مستقبل کی بین الاقوامی کرکٹ کے لیے تیار ہو سکیں۔