اقوام متحدہ نے پنجاب کے منصوبے کو منفرد اعزاز سے نواز دیا: عظمیٰ بخاری

اقوام متحدہ نے پنجاب کے منصوبے کو منفرد اعزاز سے نواز دیا: عظمیٰ بخاری

صوبائی وزراء عظمیٰ بخاری اور بلال یاسین نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنے منصوبوں کی وجہ سے عالمی سطح پر پہچان بنا رہی ہیں، جبکہ پنجاب کے منصوبوں کو اقوام متحدہ کی سطح پر بھی پذیرائی ملی ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 2 لاکھ 30 ہزار افراد کو چھت فراہم کی گئی ہے، جبکہ گھر بنانے کے لیے بلاسود قرضے بھی دیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے منصوبے کو اقوام متحدہ نے بھی تسلیم کیا ہے۔ ان کے مطابق اس سے قبل کسی صوبے کی وزیر اعلیٰ کو یہ ایوارڈ نہیں ملا، جبکہ ایوارڈ کے لیے 5 افراد کا انتخاب کیا گیا تھا اور مریم نواز پہلے نمبر پر رہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جس انداز میں وزیراعلیٰ پنجاب کو تقریب میں مدعو کیا گیا، وہ دنیا کے سامنے ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کو بھی مبارکباد دی۔

اس موقع پر بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب میں مختلف مقامات پر لاکھوں گھر بن رہے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی عمان کے وزیر ہاؤسنگ سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو ملنے والا ایوارڈ پنجاب اور پاکستان کا ایوارڈ ہے، جبکہ تقریب میں مریم نواز کو سب سے زیادہ پذیرائی ملی۔بلال یاسین کے مطابق 2 لاکھ 20 ہزار خاندانوں کو رقوم فراہم کی جاچکی ہیں، جبکہ ایک لاکھ 20 ہزار خاندان اپنے گھروں میں رہائش اختیار کرچکے ہیں۔