"ستھرا پنجاب" کے بعد "سدھرا پنجاب" مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا: عظمیٰ بخاری

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ "ستھرا پنجاب" مہم کے بعد اب "سدھرا پنجاب" مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

 اس مہم کے تحت پنجاب بھر میں اسلحہ کی نمائش اور بدمعاشی کرنے والوں کے خلاف شکنجہ مزید سخت کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ شہریوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا، اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔عظمیٰ بخاری نے محرم الحرام میں مثالی سیکیورٹی انتظامات پر علمائے کرام، اہلِ تشیع کمیٹی، اور پولیس افسران کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ امن و امان کے قیام میں سب کا کردار قابل تعریف ہے۔صوبائی وزیر نے لاہور میں قائم سنٹر فار کریمنل ڈیٹیکشن (CCD) کی کارکردگی کو مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے لاہور میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ان کے مطابق اب تک 1,509 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قتل اور دہشتگردی جیسے سنگین جرائم کے حل میں بھی CCD کلیدی کردار ادا کرے گا، اور حکومت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹیکنالوجی پر مبنی مؤثر حکمت عملی اختیار کر رہی ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب حکومت کی یہ کوشش ہے کہ نہ صرف صفائی بلکہ رویوں، قانون کی بالادستی اور عوامی تحفظ کے لحاظ سے بھی "سدھرا پنجاب" کی بنیاد رکھی جائے۔