اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو پاکستان کے اعلیٰ قومی اعزاز نشانِ امتیاز سے نواز دیا۔
اعزاز دینے کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔انتونیو گوتریس نے پاکستان کا اعلیٰ قومی اعزاز ملنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کے دوران عالمی امن کے فروغ اور مکالمے کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پانی کو ہتھیار یا سیاسی دباؤ کے ذریعے کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کے لیے تمام دیرینہ تنازعات، بالخصوص جموں و کشمیر کے تنازعے کا حل ضروری ہے۔
صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ افغان سرزمین پاکستان یا کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کا کوئی متبادل نہیں۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام اور ان کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گرد گروہوں کی جانب سے مسلسل دہشت گردی کا سامنا ہے۔