اسلام آباد: بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی پاک بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں شرکت کے لیے آج پاکستان پہنچیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بحرین کے وزیر خارجہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کا 2 روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران پاکستان اور بحرین کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر بات چیت ہوگی۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی پاک بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون، دفاع و سلامتی، افرادی قوت اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔پاکستان اور بحرین باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی بات چیت کریں گے، جبکہ کثیرالجہتی فورمز پر دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ سے متعلق امور بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور بحرین کے درمیان مشترکہ عقیدے، اقدار، باہمی احترام اور دیرینہ عوامی روابط پر مبنی قریبی برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں اعلیٰ سطح کے روابط اور تعاون بھی جاری ہے۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بحرین کے وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے