اسلام آباد: اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطح کے وفود شریک ہیں۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مہمان وفود کے سربراہان کا استقبال کیا، جبکہ اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے رہنماؤں کے اعزاز میں یادگاری گروپ فوٹو بھی بنائی گئی۔اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، جس کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے افتتاحی خطاب اور خطبہ استقبالیہ پیش کیا، جس میں انہوں نے مہمان وفود کو خوش آمدید کہا۔افتتاحی خطاب کے بعد قازقستان کے نائب وزیر خارجہ نے بطور سابق چیئرمین خطاب کیا، جبکہ ای سی او کے سابق سیکرٹری جنرل اسد مجید خان کی جانب سے بھی خطاب کیا گیا۔اجلاس کے ایجنڈے کی منظوری کے بعد اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وفود کے سربراہان اپنے اپنے خطابات کریں گے۔ اس کے علاوہ ای سی او کے مبصرین، جن میں ترک جمہوریہ شمالی قبرص بھی شامل ہے، کو اظہار خیال کا موقع دیا جائے گا۔ علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے بھی اجلاس سے خطاب کریں گے۔اجلاس کی کارروائی میں ای سی او کے ذیلی اداروں کی سرگرمیوں سے متعلق رپورٹس بھی پیش کی جائیں گی۔ اس موقع پر تنظیم کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان کی جانب سے ای سی او کی سرگرمیوں اور کارکردگی سے متعلق رپورٹ پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں ای سی او کی مستقل کونسل برائے نمائندگان (سی پی آر)، وزارتی اجلاسوں اور مختلف اداروں کی رپورٹس کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ اس کے علاوہ اقتصادی تعاون تنظیم کے 2035 کے تزویراتی اہداف کی منظوری پر بھی غور کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران پہلی اعلیٰ سطحی کمیٹی (ایچ ایل سی) کی رپورٹ اور اس کی بنیاد پر تیار کردہ تجاویز کے مسودے کی منظوری بھی متوقع ہے، جس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، علاقائی روابط اور مشترکہ ترقی کے امکانات کو فروغ دینا ہے۔اجلاس کے اختتام پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اختتامی خطاب کریں گے، جس کے بعد نماز ظہر کے لیے وقفہ ہوگا۔ آج ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان دوطرفہ ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، جن میں باہمی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی تعاون سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار شام کو ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے حوالے سے پریس کانفرنس بھی کریں گے۔ پریس کانفرنس اسلام آباد میں قائم ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے میڈیا فیسیلیٹیشن سینٹر میں منعقد ہوگی، جس میں اجلاس کی پیش رفت اور اہم فیصلوں سے متعلق میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔