ویب ڈیسک:بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو آج پاکستان کے دورے پر پہنچیں گے۔
وہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔بیلا روس کا وزارتی وفد، جس کی قیادت وزیر خارجہ میکسم رائزنکوف کر رہے ہیں، پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکا ہے۔ وفد کا استقبال وزیر داخلہ محسن نقوی، ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ شفقت علی خان، اور پاکستان میں بیلا روس کے سفیر سجاد حیدر خان نے کیا۔ یہ وفد 68 اراکین پر مشتمل ہے، جن میں 8 وزراء اور 43 تجارتی افراد شامل ہیں۔
اس سرکاری دورے میں پاکستان اور بیلا روس کے درمیان متعدد معاہدے کیے جائیں گے، جن میں ٹریڈ روڈ میپ اور 4 مفاہمتی یادداشتیں شامل ہیں۔ یہ یادداشتیں زراعت، تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی، اور ادویات سازی کے شعبوں میں ہوں گی۔دونوں ممالک الیکٹرک بسوں کی مشترکہ پیداوار کے منصوبے، زرعی مشینری اور ٹریکٹرز کی تیاری میں تعاون، اور دیگر تجارتی و سرمایہ کاری مواقع پر تبادلہ خیال کریں گے۔ مزید برآں، دفاعی تعاون، سیکیورٹی، اور بین الاقوامی و علاقائی امور پر بھی گفتگو ہوگی۔