نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اردن کے دارالحکومت عمان پہنچ گئے، جہاں وہ مقبوضہ بیت المقدس اور فلسطین کی موجودہ صورتحال سے متعلق اہم وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق عمان پہنچنے پر اردن کی وزارت خارجہ کی ڈائریکٹر اور پاکستان کے سفیر نے اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اپنے دورۂ اردن کے دوران مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اجلاس میں فلسطین کی صورتحال، خطے میں امن و استحکام اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دورے کے دوران نائب وزیراعظم اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر گفتگو متوقع ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں فلسطین کی موجودہ صورتحال، مشرق وسطیٰ کی تازہ پیش رفت اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف سفارتی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔