ایران کے صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ سرکاری دورے پر کل اسلام آباد پہنچیں گے، جہاں وہ پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ایرانی صدر اپنے دورۂ پاکستان کے دوران صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک-ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، سرحدی تعاون، تجارت اور اقتصادی روابط کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ملاقاتوں کے دوران حالیہ ایران-امریکا مفاہمتی عمل اور جاری مذاکرات پر بھی گفتگو متوقع ہے، جبکہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور خطے کو درپیش چیلنجز پر دونوں ممالک کے مؤقف اور تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔سفارتی حلقوں کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کو مزید مستحکم بنانے اور علاقائی استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر مشاورت کے حوالے سے اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔