سموگ اور فضائی آلودگی کے تدارک کے لیے سیف سٹیز اتھارٹی نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ماحولیاتی خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کردیا ہے۔
ترجمان سیف سٹیز کے مطابق گزشتہ 4 روز کے دوران سموگ کا باعث بننے والی 2 ہزار سے زائد ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں کی گئیں۔ترجمان کے مطابق دھواں چھوڑنے والی 1085 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 858 گاڑیوں کے مالکان کو جرمانے کیے گئے جبکہ 227 کو وارننگز جاری کی گئیں۔ لاہور میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور دیگر ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر 370 ای چالان بھی جاری کیے گئے۔اسی طرح بغیر ترپال تعمیراتی سامان لے جانے والی 797 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 389 کو جرمانے جبکہ 222 کو وارننگز جاری کی گئیں۔ترجمان کے مطابق باربی کیو پوائنٹس اور چمنیوں سے دھوئیں کے اخراج کی 105 خلاف ورزیاں ریکارڈ ہوئیں۔
ان میں سے 102 کو وارننگز جاری کی گئیں، جبکہ بھٹوں سے دھوئیں کے اخراج کے 17 کیسز سامنے آئے، جن میں 12 کو وارننگز دی گئیں اور 5 کیسز مزید کارروائی کے لیے متعلقہ محکمے کو بھجوا دیے گئے۔سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سمارٹ سیف سٹی سنٹرز کے ذریعے سموگ اور ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سموگ اور فضائی آلودگی کا باعث بننے والی سرگرمیوں کی اطلاع ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بروقت کارروائی کی جاسکے۔