محکمہ داخلہ کے فارن نیشنل سکیورٹی سیل کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو گرفتار کرکے وطن واپس بھجوانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 27 لاکھ 60 ہزار 653 افغان باشندوں کو وطن واپس بھجوایا جا چکا ہے، جبکہ پنجاب سے ایک لاکھ 42 ہزار 820 غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کی واپسی مکمل کی گئی ہے۔کریک ڈاؤن کے دوران پنجاب بھر کے رہائشی علاقوں اور مارکیٹس کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی نشاندہی کے بعد انہیں گرفتار کرکے متعلقہ ہولڈنگ سینٹرز منتقل کیا جاتا ہے۔
پنجاب میں 39 ہولڈنگ سینٹرز فعال
محکمہ داخلہ کے مطابق پنجاب میں اس وقت 39 ہولڈنگ سینٹرز فعال ہیں، جہاں 213 افغان شہری موجود ہیں۔ ان مراکز میں گرفتار افراد کے لیے عارضی رہائش، رجسٹریشن اور وطن واپسی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔حکام کے مطابق قانونی کارروائی اور ضروری دستاویزی مراحل مکمل ہونے کے بعد غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو طورخم بارڈر کے ذریعے افغان حکام کے حوالے کیا جاتا ہے۔محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کی واپسی کے حوالے سے صوبائی حکومت کی جانب سے انتظامی اقدامات اور نگرانی کا عمل جاری ہے۔محکمہ داخلہ نے مزید کہا کہ افغان شہریوں کی واپسی کے قومی مشن میں تمام پاکستانی شہریوں کا تعاون درکار ہے۔