سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بڑی کارروائیاں، 74 دہشت گرد ہلاک

سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بڑی کارروائیاں، 74 دہشت گرد ہلاک

سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 74 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

 کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے علاوہ بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میر علی اور اورکزئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران میر علی میں 35 جبکہ اورکزئی میں 8 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشنز کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور آئی ای ڈیز بھی برآمد کی گئیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں تاکہ علاقے کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کیا جاسکے۔ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن عزمِ استحکام پوری رفتار سے جاری رہے گا۔دوسری جانب بلوچستان کے ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں بھی سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری ہے، جہاں مختلف جھڑپوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 31 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں ان کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ملک میں بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم کی سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 74 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سراہا ہے۔وزیراعظم نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں تباہ کرنے اور بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کرنے پر سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے جوان ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔