امریکی ریاست الاسکا اور بھارت کی ریاست اتراکھنڈ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق الاسکا میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.5 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز ایلینیوا شہر کے قریب جبکہ اس کی گہرائی 87.3 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔الاسکا بحرالکاہل کے رنگ آف فائر کے علاقے میں واقع ہے، جہاں مختلف ٹیکٹونک پلیٹیں آپس میں ملتی ہیں اور پلیٹوں کی حرکت و رگڑ کے باعث زلزلے آتے رہتے ہیں۔
دوسری جانب بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں بھی 5.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق زلزلے کا مرکز اتراکھنڈ میں تھا جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کے جھٹکے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سمیت مختلف علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بعض مقامات پر لوگ احتیاطاً گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
تاحال فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق دونوں زلزلوں کے نتیجے میں کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔