شہر قائد میں زمین مسلسل لرز رہی ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع ملیر اور لانڈھی سمیت گرد و نواح میں چھ مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق حالیہ زلزلہ دوپہر 12 بج کر 17 منٹ پر آیا، جس کی شدت 2.2 اور گہرائی 29 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ مرکز ملیر کے جنوب مشرق میں تھا۔ اس سے قبل گزشتہ شام 5 بجے پہلا جھٹکا آیا، پھر رات سوا ایک بجے، صبح 2 بجے، صبح 10 بج کر 29 منٹ پر، اور صبح 11 بج کر 4 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔شاہ لطیف کالونی، بھینس کالونی، ملیر، قائد آباد، لانڈھی، شیر پاؤ کالونی اور اطراف کے علاقوں میں جھٹکوں کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں اور فیکٹریوں سے باہر نکل آئے، اذانیں دی گئیں اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے سڑکوں پر آ گئے۔ کئی شہریوں نے رات گھروں سے باہر، کھلے آسمان تلے گزاری۔
زلزلوں کا یہ سلسلہ ابھی جاری ہے یا ختم ہو چکا، اس بارے میں ماہرینِ ارضیات کی جانب سے تاحال حتمی بیان سامنے نہیں آیا۔ تاہم، شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور افواہوں سے گریز کریں۔انتظامیہ کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھنے اور زلزلوں کی وجوہات جاننے کے لیے ماہرین سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔