خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد افراد گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلے کے جھٹکے سوات، خیبر، شانگلہ اور گردونواح کے علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 224 کلومیٹر تھی۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ماہرین کے مطابق زلزلے عموماً زمین کی اندرونی تہوں میں موجود ٹیکٹونک پلیٹوں کی حرکت کے باعث آتے ہیں۔ جب یہ پلیٹیں ایک دوسرے کے خلاف حرکت کرتی ہیں یا فالٹ لائن پر اچانک دباؤ خارج ہوتا ہے تو زیرِ زمین توانائی خارج ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں زلزلے کی لہریں پیدا ہوتی ہیں اور زمین لرزنے لگتی ہے۔حکام کی جانب سے شہریوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔