وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
رپورٹ کے مطابق، پشاور اور اس کے گردونواح کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے، اور بٹ خیلہ، تخت بھائی، دیر لویر سمیت بونیر، رستم اور ان کے قریبی علاقوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے آئے۔ اسلام آباد میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.2 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں تھا، اور اس کی گہرائی 198 کلومیٹر تھی۔
پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان نے بتایا کہ زلزلے کا وقت 27 مارچ 2025، دوپہر 1 بجکر 28 منٹ تھا، اور اس کی شدت 5.2، گہرائی 198 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ پی ڈی ایم اے نے یہ بھی کہا کہ زلزلے کے باعث کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہے، اور عوام کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔