کوالالمپور: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ملائیشیا کے وزیر برائے ڈیجیٹل وائی بی توان گووبند سنگھ دیو سے ملاقات کی، جو پاکستان-ملائیشیا بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔
ملاقات میں دونوں وزراء نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون کو فروغ دینے میں ڈیجیٹل تبدیلی کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ای کامرس پلیٹ فارمز کی وسعت، سرحد پار ڈیجیٹل خدمات، سائبر سکیورٹی تعاون، اور مصنوعی ذہانت و جی فائیو انفراسٹرکچر جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزراء نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ملائیشیائی وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم کے درمیان کامیاب اور نتیجہ خیز ملاقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان سافٹ ویئر ہائوسز ایسوسی ایشن برائے آئی ٹی اور آئی ٹی ای ایس (P@SHA) اور نیشنل ٹیک ایسوسی ایشن آف ملائیشیا (PIKOM) کے درمیان دستخط ہونے والے ایم او یو سے دونوں ممالک کے ڈیجیٹل روابط مزید مضبوط اور گہرے ہوں گے۔
دونوں وزراء نے مشترکہ طور پر ٹیک کنیکٹ کانفرنس کا افتتاح بھی کیا اور پاکستان و ملائیشیا کی سرکردہ اور ابھرتی ہوئی کمپنیوں کے نمائندوں سے خطاب کیا۔ تقریب میں MDEC، Cyberview، Malaysia Semiconductor Industry Association، PIKOM کے علاوہ AWS اور Oracle کے نمائندے بھی شریک تھے۔