طوفانی ، بارش،چھتیں ،مکان درخت گرنے سے 4ہلاک

 ملتان میں رین ایمرجنسی نافذ،لاہور میں بجلی کی سپلائی گھنٹوں معطل رہی، 28 زخمی ہسپتالوں میں زیر علاج 
 لاہور ( کرائم رپورٹر)پنجاب سمیت ملک کے کئی شہروں میں تیز ہوائوں کے ساتھ دوسرے روز بھی طوفانی بارش،کئی علاقوں میں ڑالہ باری ہوئی، موسم تبدیل ہو کر ٹھنڈا ہوگیا ،بارش سے چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں کمسن بہن بھائی سمیت 4افراد جاں بحق،28زخمی ہو گئے،دوسری طرف پی ڈی ایم اے نے بارشوں کے باعث دریائوں کے بہائو میں اضافے کا الرٹ جاری کردیا ۔ادھر بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان شکتی بارے دسواں الرٹ جاری،شدت میں کمی ، ماہی گیروں کے سمندر میں جانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں دوسرے روز بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی ،ملتان میں بارش کے ایک اور تیز ترین سپیل نیرواں سال بارش کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ، کڑی جمنداں ڈسپوزل پر 161 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ علاوہ ازیں فیصل آباد میں 78 ملی میٹر، بہاولپور 44 ، لاہور 40 ، خانیوال 28 ، سیالکوٹ 19 اور اٹک میں 10 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ جوہرآباد،چیچہ وطنی سمیت متعدد علاقوں میں ڑالہ باری بھی ہوئی،بیشتر علاقوں میں آج پھر بارش ہوگی ۔ دریں اثناء￿ بارش کے دوران فیصل آباد کی تحصیل تاندلیانوالہ کے نواحی گائوں چک 609 گ ب میں مکان کی چھت گرنے سے دو کمسن بہن بھائی 12 سالہ راحیلہ فاطمہ اور 8 سالہ ابوذر جاں بحق ،7افرادزخمی ہوگئے ۔ننکانہ صاحب میں 70 سالہ شخص جاں بحق ہو گیا قصور ڈھولن ہتھار چھت گرنے سے 65 سالہ ندیم جاں بحق ہوگیا ، لاہور میں بھی مختلف واقعات میں مزید 2 افراد ، سمندری، جڑانوالہ اور دیگر علاقوں میں متعددافراد زخمی ہوگئے۔لاہور میں بارش کے باعث لیسکو کے 65 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی ،دو روز سے تاحال متعدد علاقوں میں بجلی بند ہے۔ خیبر پختونخوا میں بھی بارش ہوئی جبکہ کالام اور مالم جبہ کے پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی۔ پنجاب میں دریائے چناب،سندھ اور جہلم میں پانی کی سطح آج بلند ہونے کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے ٹروپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر کی جانب سے دسواں الرٹ جاری کردیاگیا جس کے مطابق شدید سمندری طوفان شکتی کراچی سے تقریباً 800 کلومیٹر جنوب مغرب میں موجود ہے، جس کے باعث ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔