بسنت:چھتوں سے گرنے ،کرنٹ لگنے سے 4ہلاک

 ساندہ کے رہائشی صحافی زین ملک پتنگ اڑاتے چھت سے گر کر جاں بحق ،بلال گنج میں عبداللہ جان گنوا بیٹھا 
شاہدرہ میں 10سالہ عمار پتنگ لوٹتے چھت سے گر گیا ، 32سالہ سلیمان کو کرنٹ لگ گیا ،7زخمی ہسپتال منتقل 
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے مختلف علاقوں میں بسنت کے موقع پر پتنگ بازی جان لیوا ثابت ہوئی۔چھتوں سے گرنے، کرنٹ لگنے اور ڈور پھرنے کے واقعات میں کم سن بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہو گیا،بادامی باغ،ٹاؤن شپ،اعوان ٹاؤن،لیاقت آباد، گرین ٹاؤن اور جوہر ٹاؤن میں بسنت مناتے ہوئے مختلف واقعات کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ساندہ کے رہائشی سینئر صحافی زین ملک بھی پتنگ اڑاتے ہوئے چھت سے گر کر جاں بحق ہو گئیزین ملک مختلف اداروں میں بطور رپورٹر خدمات انجام دیتے رہے۔ ان کی اچانک موت پر اہلخانہ، صحافتی حلقوں اور دوستوں میں گہرے دکھ اور غم کی لہر دوڑ گئی ہے لوئر مال، بلال گنج کے علاقے میں بسنت کی دوسری رات پتنگ اڑاتے ہوئے چھت سے گر کر 16 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا ایدھی ترجمان کے مطابق متوفی کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ جاں بحق نوجوان کی شناخت عبداللہ کے نام سے ہوئی جو سیالکوٹ سے بسنت منانے لاہور آیا تھا۔ پولیس کی ضروری کارروائی کے بعد لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کر دی گئی۔شاہدرہ کے علاقے میں ایک اور افسوسناک واقعے میں 10 سالہ بچہ عمار پتنگ لوٹتے ہوئے گھر کی چھت سے گر کر موقع پر ہی دم توڑ گیا پولیس کے مطابق حادثہ بارہ دری روڈ پر پیش آیاڈیفنس کے علاقے میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے زین نامی بچہ زخمی ہو گیا پولیس ذرائع کے مطابق بچہ سائیکل چلا رہا تھا کہ اچانک اس کے گلے پر ڈور پھر گئی۔بچے کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کے گلے پر ٹانکے لگائے گئے، تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہیباغبان پورہ، اقبال کالونی میں پتنگ لوٹتے ہوئے 32 سالہ شخص دھاتی تار کے کرنٹ کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا ایدھی ترجمان کے مطابق متوفی کی شناخت سلیمان ولد سلیم کے نام سے ہوئی۔ پولیس کارروائی کے بعد لاش مردہ خانے منتقل کر دی گئی بادامی باغ میں پتنگ بازی کے دوران 32 سالہ وقار گھر کی چھت سے گر گیا، متاثرہ شخص کو طبی امداد کے لئے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا،ٹاؤن شپ سیکٹر بی ون میں 25 سالہ امتیاز علی پتنگ پکڑتے ہوئے چھت سے گر گیا، زخمی نوجوان طبی امداد کیلئے جناح ہسپتال منتقل، حالت خطرے سے باہر ہے،اعوان ٹاؤن، گلی نمبر 3 میں پتنگ لوٹنے کے دوران 13 سالہ محمود گھر کی چھت سے گر گیا،متاثرہ بچے کو طبی امداد کیلئے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا، لیاقت آباد، پنڈی سٹاپ گلی نمبر 5 میں پتنگ بازی کے دوران چھت سے گر کر شہری زخمی،32 سالہ مون مسیح کی ایک ٹانگ ٹوٹ گئی، طبی امداد کیلئے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیاپولیس کے مطابق گرین ٹاؤن، باگڑیاں میں بچوں کو پتنگ بازی سے منع کرنے والا شخص خود چھت سے گر گیا، 56 سالہ اقبال کو طبی امداد کیلئے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا،جوہر ٹاؤن، جی بلاک کا رہائشی 50 سالہ کامران آتشبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زخمی ہو گیا، متاثرہ شخص کا ایک ہاتھ زخمی ہوا، طبی امداد کیلئے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔