ننگل ساہداں کے ذولفقارنے دکان پر ڈکیتی کاحسن اور شہریار پرشک ظاہرکیا
ملزموں نے ساتھیوں کیساتھ حملہ کیا،ذولفقاردم توڑگیا،بڑابھائی افتخارزخمی
مریدکے،کالا شاہ کاکو (خصوصی رپورٹ) مسلح ملزموں نے فائرنگ کرکے ایک بھائی کو قتل جبکہ دوسرے کو شدید زخمی کر دیا۔ پولیس نے تین نامزد اور پانچ نامعلوم افراد کے خلاف قتل و اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔تھانہ صدر مریدکے میں درج ایف آئی آر کے مطابق مقتول ذو الفقار کی بیوہ نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل اس کے شوہر کی موضع ننگل ساہداں میں دکان پر ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی، جس کے بارے میں مقتول نے حسن اور شہریار وغیرہ پر شک ظاہر کرتے ہوئے پولیس کو درخواست دی تھی۔ اسی رنجش کی بنا پر مذکورہ ملزمان مسلح ہو کر نصیر گجر اور دیگر نامعلوم افراد کے ہمراہ گھر کے سامنے پہنچے اور بڑے بھائی افتخار پر فائرنگ کر دی۔ چھوٹے بھائی ذو الفقار نے بچانے کی کوشش کی تو ملزموں نے اسے بھی گولی مار دی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔زخمی افتخار کو تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال مریدکے منتقل کیا گیا جہاں سے تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے لاہور ریفر کر دیا گیا۔ ورثاء نے ہسپتال میں احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ملزمان کئی روز سے جھگڑے کی کوشش کر رہے تھے مگر پولیس کو اطلاع دینے کے باوجود کارروائی نہیں کی گئی۔