وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر صنم جاوید کے مبینہ اغوا کے واقعے پر ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق، ایف آئی آر ایڈووکیٹ حرا بابر دختر محمد بابر شعیب کی مدعیت میں تھانہ شرقی پشاور میں درج کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ صنم جاوید کے اغوا میں ملوث نامعلوم افراد کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور غیر قانونی عمل میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔ خیبر پختونخوا حکومت صنم جاوید کو مکمل انصاف دلانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں انصاف، قانون اور عزتِ نفس کی حفاظت عملی اقدامات سے ثابت کی جا رہی ہے۔ صنم جاوید کو پشاور کے سول آفیسر میس کینٹ کے قریب سے مبینہ طور پر اغوا کیا گیا۔ترجمان نے مزید کہا کہ جب وزیراعلیٰ مضبوط ہوں تو فیصلے بھی مضبوط ہوتے ہیں، اور اس کے برعکس پنجاب میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ اپنی حکومت میں ہوا تھا مگر وہاں ایف آئی آر درج نہیں ہو سکی تھی۔