پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما صنم جاوید نے سرگودھا میں انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان پر پولیس والے سے موٹر سائیکل چوری کرنے اور اے ٹی ایم کارڈ چھین کر فرار ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔
صنم جاوید نے مزید کہا کہ ان پر لگائے گئے الزامات جھوٹے ہیں اور یہ مقدمہ محض سیاسی انتقام کے تحت درج کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ عدالتوں میں حاضری لگانے کے دوران پولیس کی طرف سے نئے مقدمات میں گرفتاری کے خوف کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کرتی ہیں اور وہ اس صورتحال کو جیل سے باہر آ کر بھی جیل جیسا سمجھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف لگائے گئے الزامات غیر منصفانہ ہیں اور وہ ہمیشہ انصاف کے لیے لڑتی رہیں گی۔
صنم جاوید نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی نے 75 سالوں میں پہلی بار ایسا قدم اٹھایا ہے جو عوامی سطح پر حکومتی کرپشن اور ناانصافی کے خلاف تھا۔ پنجاب میں بسوں پر تصاویریں لگانے کے بارے میں صنم جاوید نے کہا کہ اس سے بی بی (مریم نواز) کی کارکردگی ثابت نہیں ہوتی اور یہ صرف عوام کو گمراہ کرنے کی ایک کوشش ہے۔ ان کے مطابق، عوام اب سیاسی حقیقت سے آگاہ ہیں اور کسی بھی مصنوعی نمائندگی کو قبول نہیں کریں گے۔