غزہ جنگ کے دو سال مکمل، 67 ہزار سے زائد فلسطینی شہید، غزہ کھنڈر میں تبدیل

غزہ جنگ کے دو سال مکمل، 67 ہزار سے زائد فلسطینی شہید، غزہ کھنڈر میں تبدیل

7 اکتوبر 2023 کو حماس کے طوفان الاقصیٰ آپریشن کے بعد شروع ہونے والی غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو دو سال مکمل ہوگئے، جس نے نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

ان دو برسوں میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 67 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور تقریباً 1 لاکھ 70 ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔ غزہ میں اسپتال، مساجد، گرجا گھر، اسکول، کالجز اور تعلیمی ادارے مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جبکہ لاکھوں شہری بے گھر ہیں۔اسرائیل کے فوجی اعدادوشمار کے مطابق 1152 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس کے باوجود اسرائیلی فوج حماس کی قید میں موجود 48 اسرائیلی قیدیوں کو رہا نہیں کرا سکی، جن میں سے صرف 20 کے زندہ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔دوسری جانب اسرائیلی ناکہ بندی اور بمباری کے باعث غزہ میں بیس لاکھ سے زائد افراد فاقہ کشی کا شکار ہیں، جب کہ شہری انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔

اسرائیل نے گزشتہ دو سال کے دوران ایران، قطر، لبنان، شام اور یمن پر بھی مختلف نوعیت کے حملے کیے۔ادھر جنگ بندی کے لیے دنیا بھر میں مظاہروں اور احتجاجوں کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ عالمی برادری کی جانب سے اسرائیل کے جنگی جرائم پر تحقیقات اور انسانی امداد کی فراہمی کے مطالبات زور پکڑ رہے ہیں۔