جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار وجے دیوراکونڈا نے حالیہ کار حادثے کے بعد اپنی خیریت سے متعلق وضاحت جاری کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، حادثہ اس وقت پیش آیا جب وجے کی گاڑی تیز رفتاری کے باعث سڑک کنارے ایک رکاوٹ سے ٹکرا گئی۔ خوش قسمتی سے گاڑی میں موجود تمام افراد محفوظ رہے، تاہم گاڑی کو خاصا نقصان پہنچا۔وجے دیوراکونڈا نے پیر کی شام سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے مداحوں کو تسلی دیتے ہوئے کہا:’’سب ٹھیک ہے، کار کو نقصان ضرور ہوا مگر ہم سب محفوظ ہیں۔ میں نے آج ورزش بھی کی ہے اور ابھی گھر واپس آیا ہوں۔‘‘انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزاحیہ انداز میں مزید کہا:’’سر میں تھوڑا درد ہے لیکن بریانی اور نیند سے سب ٹھیک ہو جائے گا۔‘‘اداکار نے مداحوں سے درخواست کی کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں پر یقین نہ کریں اور اطمینان رکھیں کہ وہ مکمل طور پر خیریت سے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، حادثہ حیدرآباد کے نواحی علاقے میں پیش آیا جہاں اداکار ایک ذاتی تقریب سے واپس آ رہے تھے۔ حادثے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر ابتدائی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔یاد رہے کہ چند روز قبل وجے دیوراکونڈا اور مشہور اداکارہ رشمیکا مندانا کی منگنی کی خبریں بھی سوشل میڈیا پر زیرِ گردش تھیں، تاہم دونوں نے اس معاملے پر کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی۔وجے دیوراکونڈا حالیہ دنوں میں اپنی آنے والی فلم کے شوٹنگ شیڈول میں مصروف ہیں، اور حادثے کے باوجود ان کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ جلد دوبارہ کام پر واپس لوٹنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔