بالی ووڈ اداکارہ رشمیکا مندانا نے اپنے شوہر اور اداکار وجے دیوراکونڈا کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنانے والے صارفین کو سخت جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کے خاندان اور ذاتی زندگی کو جانے بغیر اس پر تنقید کرنا آزادیٔ اظہار نہیں بلکہ ہراسانی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں اداکاروں نے حال ہی میں پروگرام ’کافی ود کرن‘ میں شرکت کی، جہاں وجے دیوراکونڈا نے اپنی نجی زندگی سے متعلق ایک دلچسپ انکشاف کیا۔ ان کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بحث شروع ہوگئی اور بعض صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ’ریڈ فلیگ‘ قرار دیا۔
شادی کے لیے 100 مرتبہ کہنے کا بیان زیرِ بحث
پروگرام کے دوران وجے دیوراکونڈا نے انکشاف کیا کہ رشمیکا مندانا نے انہیں شادی کے لیے تقریباً 100 مرتبہ کہا تھا۔ اس بیان کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے گئے اور بعض نے وجے کے رویے پر سوالات اٹھائے۔تنقید میں شدت آنے پر رشمیکا مندانا نے سوشل میڈیا پر ایک تفصیلی بیان جاری کیا اور اپنے شوہر کا دفاع کرتے ہوئے ناقدین کو جواب دیا۔
’آزادیٔ اظہار کی آڑ میں ہراسانی نہ کریں‘
رشمیکا نے اپنے بیان میں کہا کہ کسی شخص کے خاندان اور نجی زندگی کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کیے بغیر اس پر تنقید کرنا آزادیٔ اظہار نہیں ہے بلکہ اسے ہراسانی کی شکل اختیار نہیں کرنی چاہیے۔اداکارہ نے واضح کیا کہ وہ اپنے شوہر سے محبت کرتی ہیں اور شادی کی خواہش کا بار بار اظہار کرنے میں انہیں کوئی برائی نظر نہیں آتی۔
وجے کو شادی کے معاملات پر سوچنے کے لیے وقت درکار تھا
رشمیکا کے مطابق وجے دیوراکونڈا کو شادی سے متعلق عملی معاملات پر غور کرنے اور فیصلہ کرنے کے لیے وقت درکار تھا، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ان کی محبت میں کوئی کمی تھی۔اداکارہ کے ردعمل سے واضح ہوا کہ وہ اپنے رشتے کو باہمی سمجھ بوجھ اور ذاتی فیصلوں کے تناظر میں دیکھتی ہیں اور سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کو اپنے ازدواجی تعلق کی درست عکاسی نہیں سمجھتیں۔
رواں سال شادی کے بندھن میں بندھے دونوں اداکار
واضح رہے کہ رشمیکا مندانا اور وجے دیوراکونڈا رواں سال 26 فروری کو رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ دونوں اداکاروں کے تعلقات کے حوالے سے مداحوں میں طویل عرصے سے دلچسپی پائی جاتی رہی ہے۔