شاد باغ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بینکوں سے چیک چوری کرکے کیش کروانے والے شاطر ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے فوری کارروائی سے بینک انتظامیہ کو تقریباً 1 کروڑ 98 لاکھ روپے کے نقصان سے بچا لیا۔تفصیلات کے مطابق، ملزم پرائیویٹ بینک میں چیک کیش کروانے آیا، تاہم چیک بلاک ہونے پر موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر فوری رسپانس دیتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ایس پی سٹی کے مطابق، گرفتار ملزم کی شناخت شاہد علی کے نام سے ہوئی ہے، جو مختلف بینکوں میں ملازمت کرچکا ہے۔ دوران تفتیش، پولیس نے اس کے قبضے سے 25 کے قریب چوری شدہ چیک برآمد کیے، جبکہ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے ایک پرائیویٹ بینک سے 30 چیک چرائے تھے۔پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس کے نیٹ ورک اور دیگر ممکنہ ساتھیوں تک پہنچا جا سکے۔