شاد باغ میں چوری کے شبہے میں دو افراد کو بجلی کے پول سے باندھ کر تشدد، بال اور بھویں کاٹنے میں ملوث 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شاد باغ پولیس کو 15 پر کال موصول ہوئی کہ دو افراد مشتبہ طور پر پکڑے گئے ہیں۔ پولیس موقع پر پہنچی تو دیکھا کہ اویس اور عبد الستار نامی افراد زخمی حالت میں بجلی کے کھمبوں سے بندھے ہوئے ہیں جن کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات اور بال کٹے ہوئے تھے۔ملزمان نے شبہ میں پکڑے گئے افراد کو رات بھر حبس بے جا میں رکھا اور اپنی 'عدالت' لگا کر تشدد کیا، جبکہ ویڈیوز بھی بنائیں۔ صبح کے وقت دونوں افراد کو بجلی کے پول سے باندھ کر چھوڑ دیا گیا، جس کے بعد حالت خراب ہونے پر 15 پر کال کر کے پولیس کو اطلاع دی گئی۔ملزمان کی گرفتاری کے بعد تشدد اور بال کاٹنے کی ویڈیوز برآمد کی گئیں اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایس پی سٹی بلال احمد نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، جبکہ ایس ایچ او زاہد حسین اور ٹیم کو بروقت کارروائی پر شاباش دی گئی۔