سیلاب کے نقصانات سے توجہ ہٹانے کے لئے پیپلز پارٹی کیخلاف محاذ آرائی شروع کر دی گئی
ہمارے گھر سے بھی سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے:پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس
لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی علی قاسم گیلانی نے کہا ہے سیلاب نقصانات سے توجہ ہٹانے کیلئے پیپلز پارٹی کیخلاف محاذ آرائی شروع کر دی گئی ہے۔آپ سمجھتے ہیں جھنگ کے بعد پنجاب ختم ہو جاتا ہے،اگر ملتان،بہالپور اور ڈی جی خان پنجاب کا حصہ نہیں تو بات نہیں کرینگے۔یہ اب پی ٹی آئی کو نہیں،پیپلز پارٹی کو اپنا سیاسی مخالف سمجھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ،علی سانول،عقیلہ یوسف ،فائزہ ملک اور بشری منظور مانیکا کیساتھ پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس میں کیا‘انہوں نے کہا ہم پر فرض نہیں کہ ن لیگ یا پنجاب حکومت کی تعریف کرتے رھیں،بلاول بھٹو اور میں نے خود مظفر گڑھ میں پنجاب ٹیم کی تعریف کی مگر ہماری لیڈر شپ کیخلاف نفرت انگیز پروپیگنڈہ کر کے کئی ریڈ لائینز کراس کی گئیں جسے برداشت نہیں کرینگے،خاتون اول کیخلاف بات کی گئی۔پیپلز پارٹی جواب دینے کا حق رکھتی ہے۔ہم نے سارے مطالبات وفاق کیساتھ رکھے،علی قاسم گیلانی نے مذید کہا کہ ماہ رواں کے آخر میں ہونیوالے پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کے فیصلے کاانتظار کرینگے۔ہم تو بڑی کرسیوں کو لات مارنے کے عادی ہیں۔یہ تو بہت چھوٹی کرسیاں ہیں،قیادت پر چھوڑتے ہیں کہ ہمیں حکومت میں بٹھانا چاہتے ہیں یا اپوزیشن میں۔انہوں نے کہا علی حیدر کو ٹی ٹی پی اور القائدہ نے تین برس تک مغوی رکھا،ڈسٹرکٹ سیکورٹی کمیٹی کی سفارش پر یہ سیکورٹی دی گئی تھی،ہمارے گھر سے بھی سیکورٹی واپس لے لی گئی ہے۔