موبائل فونز پر 4 قسم کے ٹیکس نامناسب ، کم ہونے کی امید ہے:علی قاسم گیلانی

چیئر مین ایف بی آر نے تین ماہ کا وقت لیا تھا ،انہوںنے بتانا ہے اس حوالے سے کیا فیصلہ کیا
 لاہور(یواین پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی علی قاسم گیلانی نے کہا ہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں پی ٹی اے کے موبائل پر ٹیکس کی کمی سے متعلق پارلیمنٹ کی خزانہ کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے اور چیئرمین ایف بی آر نے کہا تھا کہ ان کو 3 ماہ کا وقت درکار ہے کہ وہ اس معاملے کا جائزہ لیں کہ کس طرح موبائل پر پی ٹی اے ٹیکس کو کم کیا جا سکتا ہے، اب مارچ آ گیا ہے اور انہوں نے بتانا ہے کہ اس حوالے سے کیا فیصلہ کیا گیا۔ایک انٹر ویو میں گفتگو کرتے ہوئے علی قاسم گیلانی نے کہاکہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین نوید قمر کو بھی میں نے آگاہ کیا ہے کہ وہ موبائل ٹیکسز کے حوالے سے چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین پی ٹی اے اور وزارت خزانہ سے رپورٹ طلب کریں، امید ہے کہ پی ٹی اے کے زیادہ ٹیکسز کا معاملہ حل ہوگا، پی ٹی اے نے حال ہی میں ٹیکس کم کیے ہیں۔حکومت کو تمام اسمارٹ فونز کو عوام کے لیے قابلِ استطاعت بنانے کے لیے ٹیکسوں میں کمی کرنا ہوگی بصورت دیگر ڈیجیٹل پاکستان کا حکومتی ایجنڈا متاثر ہو رہا ہے۔