پشاور میں خیبر پختونخوا میں امن کے قیام کے لیے ایک اہم جرگہ 12 نومبر کو طلب کیا گیا ہے، جس کے لیے حکومتی جماعت پی ٹی آئی تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کر رہی ہے۔
اس سلسلے میں تحریک انصاف کا وفد جماعت اسلامی سیکرٹریٹ پہنچا اور جرگے میں شرکت کی دعوت دی۔ وفد میں صوبائی وزیر آفتاب عالم، سابق وزیر کامران بنگش، عرفان سلیم اور شیر علی ارباب شامل تھے۔صوبائی وزیر شیر علی ارباب کا کہنا تھا کہ وہ جرگہ کی دعوت دینے آئے ہیں تاکہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر امن کے لیے بات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن سے ہی سکون اور معاشی استحکام ممکن ہے۔ رہنما جماعت اسلامی عنایت اللہ نے بتایا کہ اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے بھی جرگے کی دعوت دی ہے، اور کوآرڈینیشن کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ کون شرکت کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جماعت اسلامی اختلاف برائے اختلاف سے گریز کرتی ہے۔اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے پی ٹی آئی کے پارلیمانی جنرل سیکرٹری ملک حبیب نور اورکزئی سے رابطہ کیا اور انہیں جرگے میں شرکت کی دعوت دی۔
انہوں نے صوبے کی موجودہ صورتحال، عوامی مفادات اور امن کے قیام سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت بھی کی۔علاوہ ازیں، پی ٹی آئی کے وفد نے قومی وطن پارٹی کے صوبائی مرکز وطن کور کا دورہ کیا اور جرگے کی دعوت دی۔ حکومتی وفد میں ایم این اے ارباب شیر علی، سابق وزیر کامران بنگش، ارباب عاصم خان اور ڈسٹرکٹ پشاور کے صدر عرفان سلیم شامل تھے۔ انہوں نے صوبائی چیئرمین سکندر خان شیر پاؤ کو بھی امن جرگے میں شرکت کی دعوت دی۔