شمالی وزیرستان اور ڈی آئی خان میں پاک فوج کے تعاون سے قبائلی جرگہ اور بین المسالک امن کانفرنس کا انعقاد

شمالی وزیرستان اور ڈی آئی خان میں پاک فوج کے تعاون سے قبائلی جرگہ اور بین المسالک امن کانفرنس کا انعقاد

شمالی وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں پاک فوج کے تعاون سے قبائلی مشران و عمائدین کا جرگہ اور گرینڈ بین المسالک امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جن میں مقامی مشران، عمائدین، علماء و مشائخ نے بھرپور شرکت کی۔

شمالی وزیرستان میں جرگہ
یکم اگست کو میران شاہ میں ہونے والے جرگے میں قبائلی مشران و عمائدین نے فتنہ الخوارج کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے پاک فوج کی زیرو ٹالرنس پالیسی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔شرکاء نے پاک فوج، سیکیورٹی فورسز اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے حکام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔تقریب کے مہمان خصوصی جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل عادل افتخار وڑائچ نے خطاب میں کہا کہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام میں قبائلی مشران کا کردار انتہائی اہم ہے۔قبائلی عمائدین نے پاک فوج کی تعلیم، صحت اور خصوصاً بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے خدمات کو سراہا۔

ڈی آئی خان میں بین المسالک امن کانفرنس
چہکان، ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقدہ گرینڈ بین المسالک امن کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ اور مشران نے شرکت کی۔شرکاء نے امن و استحکام اور فتنہ الخوارج کے خاتمے کے لیے پاک فوج کے ساتھ مکمل تعاون کا اعلان کیا اور فورسز کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔مہمان خصوصی جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل نیک نام نے خطاب میں کہا کہ امن کے قیام میں علماء و مشائخ دین کا کردار کلیدی ہے، جبکہ شرکاء نے بھی پاک فوج کی تعلیم و صحت اور خاص طور پر بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے اقدامات کو سراہا۔