خیرپختونخوا میں امن جرگہ آج، گورنر اور سیاسی رہنماؤں کی شرکت متوقع

خیرپختونخوا میں امن جرگہ آج، گورنر اور سیاسی رہنماؤں کی شرکت متوقع

خیبر پختونخوا حکومت کے زیر اہتمام ایک اہم امن جرگہ آج صوبہ اسمبلی ہال میں ہوگا۔

 اس تقریب کی میزبانی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور سپیکر بابر سلیم سواتی کریں گے۔اس سلسلے میں گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پارلیمانی وفد نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔ وفد میں سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی، اراکین قومی اسمبلی جنید اکبر، اسد قیصر، محبوب شاہ، صبغت اللہ، عاطف خان، ڈاکٹر امجد، سلیم ارحمان اور دیگر شامل تھے۔ وفد نے گورنر کو صوبائی اسمبلی میں منعقد ہونے والے امن جرگہ میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی ہے۔پی ٹی آئی وفد نے گورنر سے کہا کہ صوبے کے آئینی سربراہ ہونے کے ناطے، امن جرگہ میں آپ کی شرکت اور رہنمائی ہمارے لیے باعث فخر ہوگی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے سب مل کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ وہ امن جرگے میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صوبائی حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل بیٹھنے کو باعثِ اعزاز سمجھتے ہیں اور صوبے کے امن و ترقی کے لیے ہمیشہ تعاون جاری رکھیں گے۔گورنر نے مزید کہا کہ قیام امن کے لیے سپیکر صوبائی اسمبلی اور صوبائی حکومت نے جو قدم اٹھایا ہے، اس کی وہ خوشی محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے حقوق کے لیے وفاقی نمائندہ کی حیثیت سے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنا ان کا عزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے کے حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہم سب مل کر اتحاد کے ساتھ آگے بڑھیں۔