بزرگ شہری درشن لال کے مبینہ اغواء کا معمہ حل

 درشن لا ل چڑیا گھر آئے اور رستہ بھٹک گئے تھے ، پولیس نے تلاش کیا
لاہور (کرائم رپورٹر)صوبہ سندھ سے سیر و تفریح کے لیے آئے ہندو مذہب کے بزرگ شہری درشن لال کے مبینہ اغواء کا معمہ حل ہو گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے درشن لال کو ننکانہ صاحب سے بحفاظت تلاش کر کے ورثاء کے سپرد کر دیا ترجمان پولیس کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سول لائن خالد سعید کو فوری طور پر شہری کی بازیابی کا ٹاسک دیا تھا۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ سول لائن شمس تبریز نے پولیس ٹیم کے ہمراہ مؤثر کارروائی کرتے ہوئے درشن لال کا سراغ لگایا۔ایس پی انویسٹی گیشن خالد سعید کے مطابق درشن لال اپنی فیملی کے ہمراہ سیر و تفریح کے لیے سندھ سے لاہور آئے تھے اور دورانِ تفریح لاہور چڑیا گھر سے راستہ بھٹک گئے تھے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز اور ہیومین انٹیلیجنس کی مدد سے ان کی تلاش شروع کی اور آخر کار ننکانہ صاحب سے انہیں ڈھونڈ نکالادرشن لال کے داماد نے اپنے سسر کے لاپتہ ہونے پر تھانہ سول لائن میں اغواء کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ شہری کی بحفاظت بازیابی پر ورثاء نے انویسٹی گیشن پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیاایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے بہترین کارکردگی دکھانے والی پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔