بالی ووڈ کی معروف کوریوگرافر اور فلم ساز فرح خان نے حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں سے متعلق ایک ناخوشگوار واقعہ بیان کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، فرح خان نے ٹوئنکل کھنہ اور کاجول کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران ہراسانی کا سامنا کیا تھا۔فرح خان کے مطابق، وہ اس وقت ایک فلم میں کوریوگرافی کر رہی تھیں۔ شوٹنگ کے دوران، بعض اوقات انہیں کمروں میں بیٹھنے اور آرام کرنے کی ضرورت پڑتی تھی۔ ایک دن، جب وہ اپنے کمرے میں موجود تھیں، تو فلم کے ڈائریکٹر نے گانے پر بات کرنے کے بہانے ان کے کمرے کا رخ کیا۔فرح خان کا کہنا ہے کہ، "ڈائریکٹر ان کے بہت قریب آکر بیڈ پر بیٹھ گیا، جس سے مجھے ہراسانی کا احساس ہوا۔"
انہوں نے فوراً اسے کمرے سے باہر جانے کو کہا۔ فرح خان نے بتایا کہ اس دور میں، انہیں کام کی بہت ضرورت تھی، اس لیے ایسے حالات کے باوجود، پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھانا پڑتی تھیں۔ انہوں نے یہ واقعہ آج بھی ایک تلخ یاد کے طور پر یاد کیا۔ٹوئنکل کھنہ نے بھی اس واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ وہ اسی وقت موجود تھیں، اور مذکورہ ہدایتکار فرح کے پیچھے پڑا رہتا تھا۔ یہ واقعہ اس زمانے کی پیشہ ورانہ زندگی میں پیش آنے والی ایک مشکل صورتحال کو ظاہر کرتا ہے، جس کا سامنا بہت سے فنکاروں کو کرنا پڑتا ہے۔