بالی ووڈ کے اداکار اکشے کمار اور ان کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ پیر کی شام ایئرپورٹ سے گھر واپسی کے دوران ایک غیر معمولی ٹریفک حادثے میں بال بال بچ گئے۔
خوش قسمتی سے اس واقعے میں وہ اور دیگر تمام افراد محفوظ رہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بیرونِ ملک سے ممبئی پہنچنے کے بعد اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ سیکیورٹی قافلے کے ہمراہ اپنی گاڑی میں جوہو کی جانب جا رہے تھے کہ ایک تیز رفتار مرسڈیز کی ٹکر سے ایک آٹو رکشہ بے قابو ہوگیا۔ آٹو رکشہ پہلے سیکیورٹی گاڑی سے ٹکرایا اور بعد ازاں اداکار جوڑے کی گاڑی سے جا لگا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ اچانک پیش آیا جس کے باعث موقع پر شدید افراتفری پھیل گئی۔ ٹکر کے نتیجے میں آٹو رکشہ ڈرائیور اور اس کا مسافر کچھ دیر کے لیے گاڑی کے نیچے دب گئے، تاہم اکشے کمار اور ان کے عملے نے فوری طور پر امدادی کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔رپورٹس کے مطابق حادثے میں کسی کو بھی سنگین چوٹ نہیں آئی۔ واضح رہے کہ اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ اپنی شادی کی 25ویں سالگرہ منانے کے لیے بیرونِ ملک گئے تھے اور وطن واپسی پر یہ واقعہ پیش آیا۔