بالی ووڈ کی مشہور فلم ساز اور کوریوگرافر فرح خان نے برسوں بعد ہدایتکاری میں واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے فلم میں شاہ رخ خان کے شامل ہونے کا عندیہ بھی دیا ہے۔یہ اعلان کسی پریس کانفرنس کے بجائے اداکار نکوُل مہتا کے گھر پر غیر رسمی ملاقات کے دوران سامنے آیا اور بعد میں فرح خان نے اپنے یوٹیوب ولاگ میں بھی اس کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سال کے اختتام تک نئی فلم پر کام شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں، جب ان کے بچے کالج جانے کے لیے تیار ہو جائیں گے۔فرح خان نے مداحوں کی جانب سے آن لائن چلائی جانے والی پٹیشن ’’واپس آؤ فرح خان‘‘ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس نے انہیں ہدایتکاری میں واپس آنے کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ اپنے کامیاب یوٹیوب چینل کو جاری رکھیں گی، جس سے انہیں بچوں کے اخراجات پورے کرنے میں مدد ملتی ہے۔
فرح خان اور شاہ رخ خان کی جوڑی بالی ووڈ میں کئی سپرہٹ فلموں جیسے ’میں ہوں نا‘، ’اوم شانتی اوم‘ اور ’ہیپی نیو ایئر‘ کے لیے مشہور ہے۔ فرح خان نے آخری بار 2014 میں ’ہیپی نیو ایئر‘ کی ہدایتکاری کی تھی۔شاہ رخ خان حال ہی میں 2023 میں فلم ’ڈنکی‘ میں نظر آئے تھے اور آئندہ سدھارتھ آنند کی فلم ’کنگ‘ میں دکھائی دیں گے۔ فرح خان کے نئے پراجیکٹ کی مزید تفصیلات ابھی منظر عام پر نہیں آئیں، لیکن فلمی حلقوں میں اس خبر کو لے کر جوش پایا جا رہا ہے۔