ٹوئنکل کھنہ کی اکشے کمار سے دلچسپ شکایات، لائیو شو میں گھریلو عادتوں کا بھانڈا پھوڑ دیا

ٹوئنکل کھنہ کی اکشے کمار سے دلچسپ شکایات، لائیو شو میں گھریلو عادتوں کا بھانڈا پھوڑ دیا

ممبئی: بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کی اہلیہ اور سابق اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے معروف ٹاک شو ’کافی ود کرن‘ میں شوہر کی گھریلو عادتوں سے متعلق ایسے دلچسپ انکشافات کیے کہ شو میں موجود مہمان اور میزبان کرن جوہر بھی اپنی ہنسی نہ روک سکے۔

شو کے دوران اکشے کمار بھوجپوری اداکار روی کشن کے ہمراہ شریک تھے۔ گفتگو کے دوران اکشے نے اپنی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ کو فون کیا اور اسپیکر آن کرکے ان کی بات سب کو سنوائی۔فون کال کے دوران ٹوئنکل کھنہ نے شوہر سے شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ رات کو بمشکل سو پائی تھیں، لیکن اکشے کمار نے صبح چھ بجے ہی بھجن چلانا شروع کردیے، جس سے ان کی نیند خراب ہوگئی۔ٹوئنکل نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اکشے اتنی بلند آواز میں بھجن گا رہے تھے جیسے خود کو معروف گلوکار انوپ جلوٹا سمجھتے ہوں۔ ان کی اس بات پر شو میں موجود افراد قہقہے لگانے لگے۔

باتھ روم کا دروازہ بند کرنے کی بھی نصیحت

ٹوئنکل کھنہ نے شوہر کی ایک اور عادت کا ذکر کرتے ہوئے انہیں باتھ روم کا دروازہ ٹھیک طرح بند کرنے کی نصیحت بھی کردی۔ ان کی اس بے تکلف شکایت نے محفل کو مزید دلچسپ بنا دیا اور اکشے سمیت تمام شرکا محظوظ ہوتے رہے۔گفتگو کے دوران ایک اور دلچسپ لمحہ اس وقت آیا جب ٹوئنکل کو معلوم ہوا کہ اکشے کمار یہ شو بغیر کسی معاوضے کے کررہے ہیں۔ اس پر انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں ردعمل دیا۔ٹوئنکل کی بات سن کر پروگرام کے میزبان کرن جوہر بھی گفتگو میں شامل ہوگئے اور ہنستے ہوئے سوال کیا کہ کیا آپ کو ہر بات کے پیسے چاہئیں؟