خیبر پختو خوا کیلئے بیرون ممالک نوکریوں اور ہنر کی فراہمی کے پروگرامز میں کوٹہ مختص کیا جائے، گورنر خیبرپختونخوا،ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین سے گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں بیرون ممالک روز گار اور ہنر کی فراہمی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے کہا کہ بیرون ملک روز گار کی فراہمی کے حوالے سے خیبرپختونخوا ترجیحات میں شامل ہے۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں کو بیرون ممالک میں روز گار کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے، ڈیرہ اسماعیل خان میں لیبر کالونی، ہسپتال اور پروٹیکٹر آفس کا قیام ضروری ہے،خیبر پختو خوا کے لوگوں کیلئے بیرون ممالک نوکریوں اور ہنر کی فراہمی کے پروگرامز میں کوٹہ مختص کیا جائے۔وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو میرٹ اور صلاحیت کی بنیاد پر مواقع فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے، پنجاب کی طرز پر خیبرپختونخوا میں خصوصی اوورسیز عدالتوں کا قیام ضروری ہے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خصوصی عدالتوں کے قیام کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔